بھوپال، 28/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی نے سینئر بی جے پی لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی سندر لال پٹوا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی محنتی اورمضبوط لیڈر تھے۔پٹوا کا دل کا دورہ پڑنے سے آج یہاں ایک مقامی اسپتا ل میں انتقال ہو گیاہے۔آنجہانی لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مودی نے ٹوئٹر پر لکھاکہ میں سندر لال پٹوا کے انتقال سے غم میں ہوں،وہ محنتی اور مضبوط لیڈر تھے۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کے طور پر کئے گئے ان کے اچھے کاموں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مودی نے یہ بھی کہا کہ پٹوا نے بی جے پی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور پارٹی کارکنوں نے ہمیشہ ان کی تعریف کی۔وزیر اعظم نے ٹوئٹ کیا،میری ہمدردی ان کے لواحقین کے ساتھ ہے، بھگوان ان کی روح کو سکون عطاکرے۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ پٹوا نے جن سنگھ سے لے کر بی جے پی تک مختلف ذمہ داریاں نبھائی۔ان کی محنت اور لگن ہمارے کارکنوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ نے بھی پٹوا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔انہوں نے کہاکہ پٹوا جی نڈر اور محنتی لیڈر تھے۔